کابل (این این آئی) افغان طالبان نے صوبہ زابل میں فوجی ہیلی کاپٹر مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حکام کا کہناہے کہ ہیلی کاپٹر خرابی کے باعث گرا۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے انٹرنیٹ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کیا سرکاری فوج کا ہیلی کاپٹر میزائل مارکر گرایا گیا۔طالبان کا کہنا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر زابل صوبے کے مغرب میں مارگرایا گیا۔عسکریت پسندوں نے یہ نہیں بتایاکہ ہیلی کاپٹر گرانے سے کتنے افراد ہلاک ہوئے۔دوسری جانب امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں امن کیلئے افغان صدر اشرف غنی اور دیگر سیاستدانوں سے ملاقات کی ہے جبکہ کابل حکومت نے 200 سے زائد طالبان قیدی رہا کردیے ہیں۔افغانستان کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے طالبان سے امن سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔امریکی ایلچی سے ملاقات کے بعد افغان حکومت نے مختلف جیلوں سے دو سو سے زائد طالبان قیدیوں کو رہا کردیا۔زلمے خلیل زاد نے افغانستان کی خواتین سیاستدانوں اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور طالبان سے امن سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔امریکی ایلچی رواں ماہ قطر جائیں گے اور طالبان سے امن مذاکرات کریں گے۔
افغانستان: طالبان کا فوجی ہیلی کاپٹر مارگرانے کا دعویٰ، 200 سے زائد جنگجو قیدی رہا
Jun 13, 2019