شہرقائد میں بدھ کو شدید حبس اور گرم مرطوب موسم رہا
کراچی(نیوزرپورٹر) شہرقائد میں بدھ کو شدید حبس اور گرم مرطوب موسم رہاجس کے سبب مارکیٹیں اور سڑکیںویران رہیں۔ شہریوں نے بلاضرورت باہر نکلنے کے بجائے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیم۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں 16 سے 17 جون تک ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔بدھ کو اگرچہ شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے مگر اس کی شدت 42 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی میں شدید گرمی اور حبس ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد اور جنوب مغرب سے ہوائیں 5کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر میں 16 اور 17 جون تک ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہے گی، درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے اور گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جاسکتی ہے جب کہ سمندری ہوائیں معطل ہونے سے حبس زدہ ماحول رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بھارتی ساحل گجرات پر ٹھہر جائے گا، سائیکلون وایو کا پاکستان میں ساحل سے ٹکرانے کا امکان نہیں جب کہ کراچی میں بارش کی پیش گوئی کرنا قبل ازوقت ہے۔