تعلیم کیلئے فنڈز کیساتھ ساتھ توجہ بھی ضروری ہے: صدر علوی
اسلام آباد(این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ تعلیم کے فروغ کیلئے فنڈز کے ساتھ ساتھ توجہ بھی ضروری ہے،جدید دور میں الیکٹرانک میڈیا ،پرنٹ میڈیا کے مقابلے میں زیادہ تیز ہے،جہاں تبدیلیاں رونما ہونے میں دہائیاں لگتی تھیں وہاں اب سال لگتے ہیں۔ بدھ کو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اعلیٰ مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی شعبے میں ترقی کیلئے منصوبہ بندی ضروری ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلئے فنڈز کے ساتھ ساتھ توجہ بھی ضروری ہے۔صدرمملکت نے کہاکہ لوگوں کو اپنی بات موثر طریقے سے سمجھانا ہی اصل علم ہے۔ ٹیچنگ سمیت ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے،کسی بھی شعبے میں کامیابی کیلئے جذبہ ، لگن اور محنت بھی درکار ہوتی ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ تعلیم دینے کیلئے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں،مشین سے تعلیم حاصل کرنا اور انسان سے سیکھنا الگ الگ چیزیں ہیں۔ صدر نے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا کا اہم کردار ہے۔ اکیسویں صدی میں دنیا میں تیز ترین تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔