بجٹ آئی ایم ایف کا تیار کردہ ،عوام دشمن : متوازن ہے
لاہور(لیڈی رپورٹر) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی خواتین رہنماؤںنے وفاقی بجٹ 2019-20کو انتہائی غیر متوازن اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ ہے جس میں پاکستان کے عوام کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کرکے ان پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کردیا گیا ہے، بجٹ میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں تباہی کے گڑھے ضرور ہیں، حکومت اقتصادی اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے، دوسری جانب تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی خواتین ارکان اسمبلی نے بجٹ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ متوازن بجٹ سے تحریک انصاف کا گراف بلند ہوگا جبکہ اپوزیشن کی سیاسی ساکھ راکھ کا ڈھیر ثابت ہوگی۔ گزشتہ روز وفاقی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک، راحیلہ خادم حسین اور حنا بٹ نے کہاکہ بجٹ میں عوام کیلئے کچھ نہیں، ضروریات زندگی اور اشیائے خورونوش مہنگی کردی گئیں، پانی،آٹا،چینی، دالیں، گوشت،شربت سکوائش، گھی اور کوکنگ آئل ، خشک دودھ پنیر، کولڈ ڈرنکس، سیمنٹ سمیت سب عوام کی پہنچ سے دور کردیاگیا، کاروباری طبقے کیلئے کچھ نہیں بہت سے کاروبار تباہ ہو جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی بیلم حسنین، نجمی سلیم نے کہاکہ منصوبے کے تحت بجٹ سے چند گھنٹے قبل بڑی گرفتاریاں کی گئیںمگر مزہ تو تب تھا جب عوام دوست بجٹ پیش کیا جاتا،کم از کم تنخواہ 17500 مہنگائی کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ، وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں کمی محض ڈرامہ ہے اور جوسرکاری ملازمین کی تنخواہوںمیں پانچ اور دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ تحریک انصاف کی رہنمامہناز رفیع نے کہا کہ پہلا بجٹ ہے جو قائد اعظم کے وژن کے مطابق پیش ہوا، حکومتی اخراجات کو چار ساٹھ ارب سے کم کرکے چار سو سینتیس ارب تک کم کرناقابل ستائش ہے جبکہ اسمبلی ممبران کی تنخواہوں میں کمی اور آرمی چیف کی طرف سے دفاعی بجٹ میںکمی بھی قابل تعریف ہے اس سے صاف ظاہر ہورہاہے کہ ملکی معیشت کو پٹری پر لانے کی پوری کوشش ہورہی ہے۔ صوبائی وزیر ترقی خواتین آشفہ ریاض نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کیا جانیوالا بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگیاں گزارنے والے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا،ہیلتھ کارڈز کا اجرا بھی نادار لوگوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے، کرپشن سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک کرکے دم لیں گے۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلیسعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا جس میں عام آدمی کے مسائل کو مدِ نظر رکھا گیا۔ اپوزیشن کے پاس کرنے کو کچھ نہیں اس لئے وہ شورشرابا کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے غربت کے لئے وزارت کے قیام سے ثابت کر دیا ہے حکومت عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے ، اپوزیشن نے منصوبہ بنایا تھا کہ وہ بجٹ کے اعدادوشمارکوبنیادبناکر حکومت کیخلاف عوام کو مشتعل کرے گی مگر اُن کے خواب چکناچور ہوگئے ۔ عوامی بجٹ بنانے پروزیراعظم عمران خان مبارکباداورخراج تحسین کے مستحق ہیں۔ مومنہ وحید نے کہا ہے کہ وفا قی بجٹ میں آبی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر سو ارب روپے مختص کرنا حکومت کی سنجیدگی ظاہر کرتا ہے، اس سے پانی کی قلت پر قابو پانے اور سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقصان دہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز ٹیکس دہندگان سے حاصل ہونے والا ریونیو کھارہے ہیں، ان کی نجکاری بہتر قدم ہوگا۔ انہوں نے کم از کم اجرت ، فصلوں کی انشورنس اور کیبنٹ اراکین کی تنخواہوں میں کٹوتی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم سے سرکاری طور پر اخراجات میں کمی ہوگی انہوں نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم عمران خان،وزیر مملکت ریونیوحماد اظہر اور ا ن کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی استحکام کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے اور بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کر کے ماضی کی غلطیوں کی اصلاح کی ہے،بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے ملک حقیقی معنوں میں اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ بجٹ میں امیروں پر بوجھ ڈالا گیا ہے اور عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ مالی سال2019-20ء کا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے۔ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ وفاقی حکومت کے عوام دوست اور غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آئندہ مالی سال کا بجٹ ملک کی معاشی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔