چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد
لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی ۔ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 12جون کا دن بچوں پر جبری مشقت کے خلاف عالمی دن یعنی چائلڈ لیبر ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ چائلڈ لیبر ڈے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف تقریبات کااہتمام کیاجاتا ہے۔ تاکہ محنت کش بچوں کے مسائل کوحکومت و دیگر ذمہ داران تک موثر طریقے سے پہنچایا جا سکے۔ پاکستان میں ایک سروے رپورٹ کے مطابق دو کروڑ سے زائد بچے محنت و مزدوری کر رہے ہیں۔ پاکستان میں غربت ،بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے کروڑوں بچوں کے لئے سکول اور تعلیم ایک خواب ہے اور وہ محنت و مزدوری سے منسلک ہیں۔