حکومت نے قومی وقارآئی ایم کے پاس گروی رکھ دیا: لیاقت بلوچ
لاہور ( سپیشل رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی پارلیمانی امور کے ذمہ دار لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حالیہ بجٹ عمران خان حکومت کا نہیں ، عمران خا ن نے قومی معیشت اور وقار آئی ایم ایف کی دہلیز پر ڈھیر کردیاہے ۔ بجٹ آئی ایم ایف کی ٹیم نے آئی ایم ایف سے بدترین خفیہ معاہدہ کی روشنی میں قوم پر مسلط کردیاہے ۔ عملاً قومی بجٹ آئی ایم ایف کا ، آئی ایم ایف کے ذریعے اور تمام فوائد آئی ایم ایف کیلئے ہیں۔ ٹیکسوں کی بھر مار سے عوام کی جیبوں میں موجود ہر سکہ چوری کر لیا جائے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار انسانی زندگی کی ہر شے کی قیمت میں اضافے کا باعث بنے گی ۔ دوہرے تہرے ٹیکس دینے والے عوام آئی ایم ایف کے ظالمانہ احکامات کا شکار ہو گئے ہیں ۔ جبری بھتہ خوری ریاستی آلہ بن گیاہے ۔ سالانہ میزانیہ سے پیداواری لاگت اور زیادہ بڑھے گی ۔ قومی صنعت کا پہیہ چلنے سے معذور ہوگا ۔ صنعت ، زراعت ، تجارت کو غیر منافع بخش بنادیا گیاہے ۔ مہنگائی بے روزگاری کے بم پھٹیں گے ، عوامی ردعمل خوفناک ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ 16جون کو لاہور میں عوام دشمن بجٹ ، مہنگائی ، بیروزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کیخلاف زبردست عوامی مارچ ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے 19 جون کو اسلام آباد میں قومی بجٹ کانفرنس کا فیصلہ کیاہے ۔