کھلاڑیوں کو مسلسل دھمکیوں نے ٹیم کو نقصان پہنچایا
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)فیفا کی تسلیم کردہ پی ایف ایف کی کانگریس کے رکن اعجاز الحق نے کہا ہے کہ جیت اور ہار سے زیادہ پاکستان فٹبال کا عالمی برادری کے ساتھ جڑے رہنا اہم ہے، فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بہتر کارکردگی کیلیے ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن کھلاڑیوں کو ملنے والی مسلسل دھمکیوں نے قومی ٹیم کو نقصان پہنچایا، کھلاڑیوں کو تیاریوںکیلئے ہوم کنڈیشنز بھی میسر نہیں آئیں، اشفاق حسین اور ان کے حمایتیوں کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت بھی ایک بڑا کارنامہ ہے، کم از کم اتنا تو ہوا کہ ملک انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے سے محروم نہیں رہا، اس کا کریڈٹ سید فیصل صالح حیات کو جاتا ہے، بحرین میں ٹریننگ کیمپ میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کو اشفاق حسین نے روکا، دوسری طرف اسلام آباد میں ایک بے مقصد کیمپ جاری رکھتے ہوئے فٹبالرز کے پاسپورٹ قبضے میں رکھے گئے، اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف کہ پاکستان کی کوالیفائرز میں مہم کمزور ہوئی بلکہ پی ایف ایف کے فنڈز بھی برباد ہوئے، اگر اشفاق حسین اور ان کے حمایتی فٹبال کے ساتھ مخلص ہوتے تو کھلاڑیوں کو بحرین میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں شرکت سے نہ روکتے، کھلاڑیوں کو کوالیفائرز کیلیے رجسٹر کرلیا گیا تھا تو اشفاق حسین خود ہی پاکستان کی بہتری کیلیے پیچھے ہٹ جاتے لیکن انہوں نے کھلاڑیوں کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔