آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ15جون کو گجرات میں منعقد ہوگی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ15جون کو گجرات میں منعقد ہوگی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے چیمپئن شپ کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں نوجوان سوئمرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا،سوئمرز کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بنا یا گیا ہے جس میں عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب تمام گیمز کے کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کررہا ہے تاکہ ہر کھیل کے ہرکھلاڑی کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل سکے، انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں سپورٹس بورڈ پنجاب ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے اقدامات کرتا رہے گا۔آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں انڈر10،12،14،16اور 18ایج گروپ کے سوئمرز 50 میٹر بٹر فلائی، بیک سٹروک، بریسٹ سٹروک اور فری سٹائل کے مقابلوں میں حصہ لیں گے، چیمپئن شپ 15 جون کو شام 4 بجے گجرات جمخانہ کلب پنجاب میں منعقد ہوگی۔ ایک سوئمر چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ 4ایونٹس میں حصہ لے سکے گا۔