ٹینس رینکنگ،مردوں میں نوویک جوکووچ سرفہرست
پیرس(آئی این پی)انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تارہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربین سٹار نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ ریکارڈ 12ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال نے دوسری پوزیشن مزید مستحکم کر لی، کیرن خچانووف اور فابیو فوگنینی کی ٹاپ ٹین میں انٹری ہوئی ہے، فرنچ اوپن چیمپئن ایشلی بارٹی 6 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔سیمونا ہالپ 5 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلی گئیں۔ جوہانا کونتا کی دوبارہ ٹاپ ٹونٹی میں واپسی ہوئی ہے، سرینا ولیمز ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئیں۔ انٹرنیشنل ٹینس کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اے ٹی پی رینکنگ کے تحت سربیا کے نوویک جوکووچ بدستور سرفہرست ہیں۔سپین کے رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریا کے ڈومینک تھیم چوتھے نمبر پر ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر زویرو پانچویں نمبر پر ہیں۔ یونان کے سٹیفانوس چھٹے نمبر پر ہیں۔ جاپان کے کئی نیشیکوری ساتویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن آٹھویں نمبر پر ہیں۔ کیرن خچانووف اور فوگنینی دو، دو درجے بہتری کے بعد بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔جان اسنر اور جان مارٹن ڈیل پوٹرو تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے۔ سٹین واورینکا 9 درجے چھلانگ لگا کر دوبارہ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے۔ روبرٹو باٹسٹا نے بھی ایک سیڑھی چڑھ کر بیسویں پوزیشن سنبھال لی۔ دوسری جانب ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا بدستور پہلے نمبر پر قابض ہیں۔ آسٹریلوی کھلاڑی اور فرنچ اوپن چیمپئن ایشلی بارٹی نے 6 درجے ترقی پا کر دوسری پوزیشن سنبھال لی۔جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہالینڈ کی کی کی برٹنز پیٹرا چوتھے نمبر پر ہیں۔ جمہوریہ چیک کی کویٹووا ایک، یوکرائن کی ایلینا سویتولینا 2 اور بیلاروس کی ایرینا سبالینکا ایک سیڑھی اوپر چڑھ کر بالترتیب پانچویں، ساتویں اور دسویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ امریکا کی سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئیں۔ جمہوریہ چیک کی مرکیٹا وونڈروسووا 22 درجے لمبی چھلانگ لگا کر اور برطانوی جوہانا کونتا 8 درجے بہتری کے بعد بالترتیب 16ویں اور 18ویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔