کورونا وائرس، جنوبی افریقہ، ہنگامی حالت میں 15 اگست تک توسیع سمیت الکحل کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے ہنگامی حالت میں 15 اگست تک توسیع سمیت الکحل کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد کر دی گئی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سائرل رامافوسا نے گزشتہ روز قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ الکحل کی فروخت پر پابندی سے ملک کے ہسپتالوں اور صحت کے نظام پر دباﺅ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ تر لوگوں نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور بعض ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے دوسروں کے تحفظ کے لیے بغیر کسی ذمہ داری کے اقدامات کیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کے باوجود تقریبات منعقد کیں اور پرہجوم مقامات پر ماسک کے بغیر گئے اس لیے کورونا وائرس کے طوفانی پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے نئے پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے اقدامات کے تحت ایمرجنسی میں 15 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے، رات کو 9سے صبح 4 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور الکحل کی فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ ہسپتالووں میں رش کم ہو اور صحت کے نظام پر دباﺅ نہ ہو کیونکہ اس وقت ملک میں نرسز، ڈاکٹروں اور فزیوتھراپسٹس سمیت 12 ہزار سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز کی شدیدس کمی کا سامنا ہے۔ الکحل پر پابندی کا مقصد شراب پی کر لڑائی جھگڑا، گھریلو تشدد اور ملک میں ہگفتے کے آخر میں الکحل پارٹیز کے انعقاد کو روکنا ہے۔