لاہور: این سی او سی کی مرکزی ٹیم کی لاہور آمد پر خصوصی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی شرکت کریں گے، عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق بات چیت ہو گی۔
چیئرمین اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی سربراہی میں این سی او سی کا خصوصی اجلاس آج لاہور میں ہو گا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عمل درآمد اور مویشی منڈیوں کی مینجمنٹ کے سلسلے میں تمام صوبے بریفنگ دیں گے۔ ہاٹ سپاٹ ایریاز، سمارٹ لاک ڈاؤن، کونٹیکٹ ٹریسنگ کے حوالے سے خصوصی جائزہ لیا جائے گا، کورونا کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو بہتربنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مختلف ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا استعمال بھی خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
کسی بھی صوبے سے یہ پہلا اجلاس ہو گا جبکہ دیگر صوبائی دارالحکومتوں سے بھی ایسے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ پنجاب میں عید الاضحی، مویشی منڈیوں اور محرم الحرام کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کریں گے۔