کرونا بحران سے نکلنے کی امید
سمارٹ لاک ڈائون اور ’’ایس او پیز‘‘ پر عملدرآمد کے نتائج حوصلہ افزا ہیں جس کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے گزشتہ روز کیا۔ دریں اثناء گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر نے بھی کرونا کے باعث پیدا ہونے والی معاشی بحران سے نکلنے کی نوید سنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ رب کریم کے فضل و کرم سے کرونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے باعث مریضوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر کمی آرہی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اموات بھی کم ہوئی ہیں‘ تاہم اس کے باوجود حفاظتی اقدامات احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کو بھی اپنے تمام وسائل بروئے کار لانا ہونگے تاکہ سمارٹ لاک ڈائون سمیت کوئی اقدام بھی بے ثمر نہ رہے۔