ممتاز عالم دین‘ مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف انتقال کر گئے سراج الحق‘ ساجد میر و دیگر کا اظہار تعزیت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ممتاز عالم دین، سابق مشیر وفاقی شرعی عدالت، سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل، مصنف کتب کثیرہ، دنیا میں سب سے زیادہ شائع ہونے والی تفسیر ’’احسن البیان کے مفسر حافظ صلاح الدین یوسف 75 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ مرکز اہل حدیث لارنس روڈ لاہور میں ان کی نماز جنازہ شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے پڑھائی۔ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو مقامی قبرستان میں سینکڑوں سوگوراران کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔ ان کی وفات پر امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر علامہ ساجد میر، سیکرٹری جنرل حافظ عبدالکریم، چیف آرگنائزر حافظ ابتسام الہی ظہیر، حاجی عبدالرزاق نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ علامہ ساجد میرنے کہا کہ مرحوم ایک بلند پایہ عالم مصنف اور مفسر قرآن تھے۔ دریں اثناء تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے ممتاز عالم‘ مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کی دینی‘ علمی خدمات کو ہشمیہ یاد رکھا جائے گا۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امر اء لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا فضل الرحمن بن محمد، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد نعیم پاشا اور جمعیت اتحاد العلماء کے صدر شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک نے مولانا صلاح الدین یوسف کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعائے مغفرت کی ہے۔