تحریک انصاف اقتدار میں آ کر انصاف کا بول بالا کریگی: عامر ڈوگر
ملتان (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے قومی حلقہ 155 کے امیدوار ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنرل الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے ملک میں انصاف کا بول بالا کرے گی۔ بے روزگاری، دہشت گردی کا خاتمہ اور تعلیم اور انصاف کو عام کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 67 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارنر میٹنگ کا انعقاد میزبان ملک بشیر بوسن، ملک خرم لنگراہ، تاجر رہنما نے راں برادری سمیت بوسن ارائیں اور دیگر برادریوں کے سرکردہ افراد نے تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی امیدوار پی پی 214 ظہیر الدین علیزئی کو بھی کامیاب کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ دریں اثناء ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اس بات کا پورا شہر گواہ ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے ہمارا گھر چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے۔25 جولائی کو عوام ہمارے انتخابی نشان ’’بلا‘‘ پر مہر لگا کر یہ ثابت کریں گے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں اور ملک میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹرسائیکل پر گلی محلوں میں ڈور ٹو ڈور کمپین کرتے ہوئے کیا۔