عوام سزا یافتہ شخص اور اسکی بیٹی کے جھانسے میں نہ آئیں: مظہر راں
ملتان ( سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنمائوں صوبائی حلقہ 218کے امیدوار مظہر عباس راں، صوبائی حلقہ 282لیہ کے امیدوار سردار قیصر عباس مگسی، مظفر گڑھ کے صوبائی حلقہ 277کے امیدوار علمدار عباس قریشی، صوبائی حلقہ 269کے امیدوار ملک غلام مرتضی رحیم کھر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا ہے عوام کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث سزا یافتہ شخص اور اس کی بیٹی کے استقبال کے لئے (ن) لیگ کے جھانسے میں نہ آئیں نواز شریف کو تین مرتبہ وزیراعظم بنایا لیکن لاکھوں ووٹوں سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی سے ملنا گوارہ نہیں کیا آج وہ کس منہ سے ووٹ کو عزت دو اور اپنی سپورٹ مانگ رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا مظہر عباس راں نے مزید کہا کہ وطن عزیز پہلے ہی اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہواہے اور خانہ جنگی کا متحمل نہیں ہو سکتانواز شریف کا ایک لاکھ لوگوں کواحتجاج کے لئے بلانا بھی ایک ساز ش کا حصہ ہے جو قطعاً محب وطنی نہیں بلکہ ملک دشمنی ہے۔ عوام تو نواز شریف کے استقبال کے لئے نہ جائیں لیکن ممکن ہے کہ وہ پانچ سے چھ ہزار لوگوں کو کرایہ پر بلالیں ایک عام لینڈ مافیا تو پکڑا نہیں جاتا لیکن نواز شریف کو پکڑنا ملکی تاریخ میں انہونی بات ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے 35سال ہو گئے سیاست کی ہے لیکن ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی صاف ستھری سیاست کی ہمارا دامن صاف ہے۔