3 سالہ بچہ نہر‘ نوجوان راوی میں ڈوب کر جاں بحق
لاہور‘ فیروزوالہ‘ چک امرو‘ نورکوٹ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) مختلف واقعات میں 3کمسن بچے اور نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق ہنی مون منانے کے لئے کراچی سے فیملی کے ہمراہ لاہور آنے والا 22سالہ نوجوان دریائے راوی میں گرنے سے ڈوب گیا۔ نعمان کی دس روز قبل شادی ہوئی تھی۔وہ فیملی کے ہمراہ سیر کے لیے لاہور آیا ہوا تھا ۔اس کی فیملی کے مطابق گزشتہ روز نعمان بس میں سوار تھا۔ راوی پل پر ٹریفک بلاک دیکھ کر ٹریفک کھلوانے کے لیے بس سے نیچے اترا۔ سڑک کی دوسری جانب جارہا تھا کہ میٹرو پل اور راوی پل کے درمیان خالی جگہ میں سے نیچے دریا میں جاگرا۔اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، مگر اس کی نعش نہیں مل سکی۔ علاوہ ازیں لاہور روڈ کی آبادی بدو نہر میں تین سالہ بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ ورثاء نے متوفی کی نعش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک کر دی۔ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ بدر پنڈ کارہائشی مستری ارشد کا تین سالہ بیٹا سلیمان ارشد گھر کے سامنے واقع نہر کے کنارے بچوں کے ساتھ کھیل رہاتھا کہ اچانک نہر میں جاگرا اور پانی میں ڈوب گیا۔ ریسکیو عملے نے اطلاع ملتے ہی آپریشن کرکے بچے کی لاش نہر سے نکال لی۔ بچے کی ہلاکت کی اطلاع پر گھر میں کہرام مچ گیا۔نواحی گائوں چھنی برہمناں کے تالاب میں گزشتہ روز گائوں کے دو بچے 8 سالہ ثمر اور 9 سالہ حسنین اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ گائوں کے قریب برساتی نالے میں نہانے چلے گئے جہاںوہ گہرے پانی میں ڈوب گئے اور باہر نہ آئے ساتھ جانے والے دوستوں نے چیخ و پکار کی تومقامی لوگوں نے کافی تلاش کے بعد ڈوبنے والے بچوں کی نعشیں اپنی مدد کے تحت نکال لیں‘ والدین پر غشی کے دورے پڑ تے رہے۔