ہم آج جس مقام پر ہیں کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے: شجاعت

Jul 13, 2018

گجرات( نامہ نگار ) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں اس میں بہت بڑا ہاتھ اور کریڈٹ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا ہے ورنہ نواز شریف ایسے ڈکٹیٹر بن کر چھا جاتے کہ ہم تمام ڈکٹیٹروں کو بھول جاتے۔ وہ کھاریاں میں سابق ایم این اے رحمن نصیر مرالہ کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے تمام متفقہ امیدواروں کے اعزاز میں دعوت سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود اور سابق نگران وزیراعلیٰ میاں افضل حیات بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں صرف ایشوز کی بات کرتا ہوں جہاں پاکستان کی سالمیت اور قومی یکجہتی ضروری ہو ایسے معاملات پر بولتا ہوں، میں نے کبھی کسی سیاسی رہنما کے خلاف ذاتی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے اندر ایک بہت بڑا اختیار یہ ہے کہ کوئی پارٹی یا شخص ملکی سالمیت کے خلاف کام کرے تو اس کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ اس حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے جنرل فیض کا نام لیا اور تنقید کا نشانہ بنایا تو یاد رہے کہ سپاہی سے لے کر جنرل تک تمام لوگ افواج پاکستان کے ملازم ہوتے ہیں جو اپنے عہدے سے پہچانے جاتے ہیں نام سے نہیں، اگر وہ یہ دیکھیں کہ کوئی شخص یا پارٹی یا ملکی سالمیت کے خلاف سازش کرنے والے ملکی و غیر ملکی عناصر سرگرم عمل ہیں تو فوج کو آئینی اختیار ہے کہ ایسے شخص کے خلاف ایکشن لے۔مسلم لیگ(ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے نواز شریف آج انتشار کی سیاست کررہے ہیں، عوام سوال کرتے ہیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ وہ گجرات میں ن لیگی وائس چیئرمین چوہدری تنویر کی ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت پر گفتگو اور اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر میاں عمران مسعود اور دیگر رہنمابھی انکے ہمراہ تھے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شریفوں کو ان کے کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے ،ابھی تو سانحہ ماڈل ٹائون میںخون کی ہولی کھیلنے کی سزا باقی ہے وہ بھی انشاء اللہ ضرور ملے گی اور وہ اس سزا سے بچ نہیں سکتے ۔تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد بھی انہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی،ملک وقوم کے مفادات کے منافی پالیسیاں اختیار کیں اور محاذ آرائی کارویہ جاری رکھااب وہ اپنے کئے کی سزا سے بچنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو وہیں سے ترقی کا سفر شروع کیاجائیگاجہاں پر ختم ہوا تھا کیونکہ ہماری سیاست کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے۔دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں مزدوروں کو ہمارے جیسی سہولتیں ن لیگ سمیت کسی جماعت نے فراہم نہیں کیں اور نہ ہی ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہمارے جیسے کام کیے، ہم نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دوران لیبر کیلئے فری ہسپتال اور رہائشی منصوبے بنائے، سپیشل ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں، مفت علاج و خوراک کے علاوہ میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، ویلفیئر فنڈ میں اضافہ کیا، ان کے بچوں کیلئے مفت تعلیم، یونیفارم، سٹیشنری اور ٹرانسپورٹ فراہم کی۔ وہ گجرات میں لیبر کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

مزیدخبریں