پشاور: چلتی گاڑی پر فائرنگ‘ سابق ایم این اے گل آفریدی کا قریبی ساتھی قتل، 2زخمی
پشاور(بیورورپورٹ)صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقہ ریگی ماڈل ٹائون میں نامعلوم افراد کی چلتی گاڑی پرفائرنگ کے نتیجہ میں ضلع خیبر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 کے اُمیدوار، سابق ایم این اے الحاج شاہ گل آفریدی کا قریبی ساتھی قاری سیدعالم شاہ جاں بحق جبکہ اس کے 2 ساتھی زخمی ہوگئے ، پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر قبائلی علاقہ خیبر فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے سکیورٹی فورسز اور دیگر حساس اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ تھانہ ریگی ماڈل ٹائون پولیس کے مطابق جمعرات کے روز قبائلی ضلع خیبر سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 کے اُمیدوار، سابق ایم این اے الحاج شاہ گل آفریدی کا قریبی ساتھی قاری سید عالم شاہ ساتھیوں فہد شنواری اور طیب شنواری کے ہمراہ اپنی گاڑی نمبر آرآئی اے 987 میں ناصر باغ سے قبائلی ضلع خیبر جارہے تھے کیکرانوں روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار تینوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تاہم ملزمان اپنی موٹرسائیکل 125 سی سی چھوڑ کر قبائلی علاقے میں فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے قاری سیدعالم کی موت واقعہ ہونے کی تصدیق کردی جبکہ دیگر زخمی فہدخان اورطیب خان شنواری کو ہسپتال میں داخل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ہے اور مقتول سید عالم شاہ کے بھائی احمد شاہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔