مفادات کی سیاست ختم، ملکی مفاد کیلئے کام کریں گے: اللہ اکبر تحریک
لاہور (خصوصی نامہ نگار)حلقہ این اے125سے اللہ اکبر تحریک کے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ پچیس جولائی کو کرسی پر مہر لگا کر ملک سے غربت،بدامنی ،بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور کشمیر کی آزادی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ہم مفادات کی سیاست کا خاتمہ اور ملکی مفاد کے لئے کام کریں گے۔این اے125میں ابلتے گٹر،گندی نالیاں نااہل حکمرانوں کی نااہلی کی واضح دلیل ہے۔ہم محب وطن ووٹر ز کو سیاسی پنڈتوں سے بچانے کے لئے آئے ہیں۔پچیس جولائی کی شام حق کی فتح اور مودی کے یاروں کی شکست ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انار کلی،اسلام پورہ،بند روڈ پر کارنر میٹنگز،جلسوں و ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد یعقوب شیخ نے پاکستان عالم اقوام میں ان حکمرانوں کی وجہ سے اپنا تشخص اور وقار کھو رہا ہے۔ہم پاکستان کے تحفظ اور نظریئے کی حفاظت کے لئے میدان سیاست میں اترے ہیں۔ سیاسی اغواکاروں سے وطن عزیز کو بچانے اور ووٹ کے تقدس کو محفوظ کرنے کے لئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہے،کسی کے حق میں بیٹھنے کی بجائے میدان میں رہیں گے۔گردن کٹ تو سکتی ہے یعقوب شیخ بیٹھ نہیں سکتا۔ دریں اثناء اللہ اکبرتحریک کے چیئرمین ڈاکٹر احسان باری نے کہا ہے کہ ہم 5ایکڑ تک زرعی زمین کے مالکوں کو 3سال تک بیج ،کھاد ،زرعی ادویات اورٹیوب ویل سمیت ہر قسم مشینری اور پانی مفت فراہم کریں گے جبکہ 3ایکڑزمین کے مالکان کو یہ سبھی سہولتیں مسلسل مفت مہیا ہوتی رہیںگی ۔ اسی طرح کسانوں کو 3سال لگان او ر مالیہ کی بھی معافی ملے گی ۔یونین کونسلوں کی سطح پرچھ’’اللہ اکبر کسان سنٹرز‘‘ بنائے جائیں گے منشور میں درج کسانو ں کی مراعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اللہ اکبر ٹاسک فورس کے زریعے زمینوں کو آباد کر کے ملک کو خود کفیل بنانا منشور کا اہم نقطہ ہے۔یونین کونسلر،وارڈ،چک ،ڈیرہ اور گوٹھ تک جراثیم اور تمام کثافتوں سے پاک جدید ترین مشینوں سے فلٹر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق منرل واٹر مفت پہنچایا جائے گا ۔ڈاکٹر احسان باری نے کہاکہ ابتدائی طور پر ہر یونین کونسل کے 16مقامات پر فلٹریشن پلانٹ نصب کر کے گھر گھر بذریعہ پائپ صاف پانی پہنچانے کا انتظام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اکبر تحریک کی حکومت بڑے اور چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لئے علیحدہ وافر رقوم مہیا کرے گی تاکہ ہر صورت ان کی تعمیر 5سال میں ہنگامی بنیادو ں پر مکمل کی جاسکے ۔ مزدوروں کھیتوں ِمیں کام کرنے والوںکو ماہانہ تنخواہ ایک تولہ سونا کی قیمت کے برابر ملے گی ۔