نگران گورنمنٹ نئی حکومت کی تشکیل تک رہے گی: شیخ یوسف
اسلام آباد ( جاوید صدیق) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وتعلیم شیخ یوسف نے کہا ہے کہ میں بطور صحافی فرائض انجام دے چکا ہوں۔ نوائے وقت سے ایک ملاقات میں غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 48 برس پہلے میں حیدر آباد میں ایک اخبار کے رپورٹر کے طور پر کام کر چکا ہوں۔ کراچی میں انگریزی روزنامہ ’’ڈان‘‘ کے لیے ڈیسک پر کام کیا۔ میرا بیک گراؤنڈ صحافت کا ہے ان سے پوچھا گیا کیا حج انتظامات صحیح طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ شیخ یوسف نے کہا کہ میں سعودی عرب کے دورہ پر گیا تھا جہاں حج کے انتظامات پر سعودی ہم منصب سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ آٹھ ہزار حجاج فریضہ حج ادا کریں گے۔ کوئٹہ سے حجاج کوسعودی عرب لے جانے کے لیے ایک نجی کمپنی کی ذمہ داری تھی لیکن اس نجی کمپنی کی پروازیں معطل ہوگئی ہیں۔ اس لیے اب پی آئی اے کوئٹہ سے پانچ ہزار حجاج کو لے کر سعودی عرب جائے گی۔ نگران وزیر سے استفسار کیا گیا کہ نگران حکومت کیا 25 جولائی ختم ہو جائے گی تو انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نومنتخب حکومت کی تشکیل تک قائم رہے گی۔ میرا خیال ہے نگران حکومت چودہ اگست تک تو رہے گی۔