نواز شریف کے ساتھ الطاف حسین جیسا سلوک کیا جائے: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل اور قومی مجرم آج مکافات عمل کا شکار ہیں،شریف برادران نے 17 جون 2014ء کے قتل عام کے سانحہ اور بربریت کاقدم قدم پر دفاع کیا،شہداء کے ورثاء کی ایف آئی آر درج نہ ہونے دی، انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف تم آج نشان عبرت اور دھرتی کا بوجھ بن چکے ہو۔آج مسل ملیگ ن کے سابق وزراء کہتے ہیں کہ ہم پرامن لوگ ہیں ہمارے پکڑ دھکڑ نہ کی جائے مسلم لیگ ن ایک سے زائد کارکنوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، یہ سب ایک ایسے موقع پر ہوا جب عوامی تحریک کے 14 بے گناہ کارکنوں کو شہید کیا گیا تھا اور درجنوں زخمی کارکنان مختلف ہسپتالوں میں موت و حیات کی کشمکش میں تھے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کوئی سیاسی، جمہوری جماعت نہیں ہے،تشدد اور دولت پسند نودولتیوں کا ایک گروہ ہے ،مسلح افواج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلانے والے پرامن لوگ نہیں ہو سکتے۔ ماڈل ٹائون کا قاتل شہباز شریف استقبال کی آڑ میں مجرم کو گرفتاری سے بچانا چاہتا ہے اور اپنے کارکنوں کو ریاستی اداروں کے ساتھ لڑانا چاہتا ہے،یہ لوگ ملک میں فساد چاہتے ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ان سے نرمی کا مطلب قومی سلامتی کو دائو پر لگانے کے مترادف ہو گا، نواز شریف کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو الطاف حسین کے ساتھ کیا گیا تھا، اس قومی مجرم کی براہ راست کوریج بند ہونی چاہیے، قومی مجرم کے استقبال کی خبروں سے ملک بدنام ہورہا ہے۔