انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، شاہد خاقان، اسد عمر طارق فضل سمیت 19 افراد کو نوٹسز، پی ٹی آئی امیدوار کو 25 ہزار جرمانہ
اسلام آباد+ فیصل آباد (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسد عمر ،ڈاکٹرطارق فضل چوہدری سمیت 10امیدواروں کو فائنل نوٹس جاری کردیئے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق تمام امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواروں کیخلاف مزید شکایات موصول ہوئی تو ایکٹ234کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں متحدہ مجلس عمل کے میاں محمد اسلم ، پاکستان پیپلزپارٹی کے سبط الحیدر شاہ ،راجہ عمران اشرف اور افضل کھوکھر کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر/ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن سید احمد فواد نے انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں کے مرتکب مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواروں کے موقف کی سماعت کرتے ہوئے حلقہ این اے 103 سے پی ٹی آئی کے امیدوار سعد اﷲ بلوچ کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ این اے 102 سے امیدوار طلال بدر چوہدری‘ حلقہ پی پی 107 سے امیدوار رائے ندیم حیات‘ پی پی 108 سے امیدوار رانا آفتاب احمد‘ پی پی 107 سے امیدوار شفیق گجر‘ پی پی 97 سے امیدوار علی افضل ساہی‘ پی پی 98 سے امیدوار افضل ساہی‘ پی پی 107 سے آزاد امیدوار رانا شوکت علی‘ پی پی 103 سے امیدوار مدثر احمد شاہ اور پی پی 104 سے امیدوار شاہد خلیل نور کو آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی پر وارننگ دی۔