دھاندلی روکنے، سکیورٹی فراہمی کیلئے شیری رحمن کی درخواست چیف الیکشن کمشنر نے وزراء اعلیٰ کو خطوط لکھ دیئے
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پری پول دھاندلی، جلسوں کو روکنا، سکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر تحفظات پر چیف الیکشن کمشنر کودرخواست دیدی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الیکشن کمشن آف پاکستان میں درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیری رحمن نے کہا کہ ہمارے جلسوں کو روکنے کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے اور یہ پری پول دھاندلی کی ایک آواز ہے ، سکیورٹی ہمارے لئے بہت بڑا مسئلہ ہے اوراس سے متعلق ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی ہے کہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ پشاور حملے کے بعد سکیورٹی خدشات مزید بڑھ چکے ہیں۔شیری رحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن مہم کو مئوثر بنانے کے لئے سکیورٹی کی فراہمی ناگزیر ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے ورکرز کو ہراساں کرنے کے الزامات پر وزراء اعلیٰ کو خطوط لکھ دیئے جن میں کہا گیا ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں ورکرز کو ہراساں کرنے کے الزامات لگا رہی ہیں۔ حکومت کسی کی الیکشن مہم میں رخنہ ڈالے نہ کسی کو رخنہ ڈالنے دے، ہر سیاسی پارٹی اور امیدوار کو انتخابی مہم کی آزادی ہونی چاہئے۔