لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش، شیر گڑھ : چھت گرنے سے 7 سالہ بچی زخمی
لاہور+شیر گڑھ+فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت کئی شہروں میں ہونے والے موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ شیرگڑھ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے سات سالہ بچی زخمی ہو گئی۔ تاہم جن علاقوں میں بارش نہیں ہوئی وہاں حبس کی شدت میں اضافے کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل ہفتہ سے اتوار کے دوران سندھ اورشمالی بلوچستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ آج جمعہ کے روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتسان میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ژوب، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن اور فاٹا میں چند مقامات پرتیزہواؤں/آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے محلہ صدیق نگر شیر گڑھ کے رہائشی محنت کش لیاقت علی مستری کے مکان کی چھت گرنے سے اسکی 7 سالہ بیٹی مسماۃ (ز) شدید زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہسپتال اوکاڑہ میں ریفر کردیا گیا۔ فیصل آباد میں بارش کا سلسلہ تقریباً آدھ گھنٹہ تک جاری رہا جس کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ۔