سینٹ: ڈان اخبار کی تقسیم کے معاملہ پر صحافیوں کا واک آئوٹ، چیئرمین سینٹ نے معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا، رپورٹ طلب
اسلام آباد (نامہ نگار) سینٹ میں صحافیوں نے ڈان اخبار کی تقسیم میں رکاوٹوں کے معاملے پر پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا۔ چیئرمین سینٹ نے معاملہ قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کو بھجواتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر سے کہا کہ وہ صحافیوں کو منا کر واپس لے کر آئیں جس کے بعد انہوں نے پریس گیلری میں جا کر صحافیوں سے مذاکرات کئے۔ صحافیوں نے وزیر اطلاعات کو مختلف معاملات کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ متعلقہ کمیٹی میں اس مسئلہ کو اٹھایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر اس کی سماعت ہو، کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں آئے گی اس پر ایوان حکومت کو سفارشات دے گی۔