کچھ قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں: شاہ محمود
ملتان(سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کو موقع ملنے کے باوجود اپنی صفائی پیش نہ کر سکے اس لئے انہیں سزا ہوئی۔ وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں یہ ان کا ملک ہے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے اگر نوازشریف کے استقبال کے لئے جانا چاہتے ہیں تو جائیں مگر ان کو پرامن رہنا چاہئے۔ آصف زرداری کہتے ہیں کہ ہم پر کوئی الزام نہیں ہے اگر واقعی ان پر کوئی الزام نہیں تو وہ نیب اور عدالت میں جاتے ہوئے ڈرتے کیوں ہیں۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو عدالت میں پیش ہونا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے پہلے کہتے تھے کہ کلین سویپ کریں گے مگر اب تو پیپلزپارٹی کا ریورس گیئر لگ گیا ہے اور ان کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے پشاور دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکہ ایک سازش ہے اور کچھ قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں پوری قوم کو متحد ہو کر ان قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ یونین کونسل نمبر65محلہ شریف پورہ سمیجہ آباد میں چوہدری عبدالقادر کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت امیدوار این اے 156مخدوم شاہ محمود قریشی نے اور پی پی 215 سے امیدوار حاجی اختر انصاری نے کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے عظیم لیڈر ہیں وہ اقتدار اور شہرت کے لئے سیاست نہیں کر رہے بلکہ ملک بچانے کے لئے نکلے ہیں ان کا ایجنڈا ملک کی ترقی عوام کی خدمت اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ 25جولائی کو کامیاب ہو کر خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اس موقع پر چوہدری عبدالقادر ، الحاج مختار علی انصاری، مستری غلام نبی، شکیل انصاری، چوہدری اللہ دتہ و دیگر معززین شریک تھے۔