نواز شریف کے استقبال کیلئے ملتان سے ن لیگ کے قافلے لاہور روانہ
ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) ملتان کے ضلعی، سٹی، عہدیداروں، کارکنوں اور متعدد رہنما گزشتہ روز مختلف ریلیوں کی شکل میں لاہور روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر لیگی متوالے مسلسل میاں نواز شریف کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے جبکہ سزا کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس نے اگر استقبال کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں تو کارکنان ہر رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے اپنے قائد کے استقبال کے لئے پہنچیں گے۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما محمد بلال بٹ کی قیادت میں ملتان سے گزشتہ روز لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کا ایک بڑا قافلہ لاہور روانہ ہو گیا ہے۔ قافلہ میں درجنوں کاروں میں کارکنوں کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک سے لاہور کے لئے روانہ ہوئی۔ ریلی میں شریک ہر کار میں میاں نواز شریف کی قد آدم تصاویر، لیگی پرچم اور سرئوں، بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ ریلی کی روانگی سے قبل شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر محمد بلال بٹ نے کہا کہ جیلیں اور سزائیں اب مسلم لیگ (ن) کا راستہ نہیں روک سکتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ آج مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن ہر رکاوٹ کو عبور کر کے اپنے عظیم قائد میاں نواز شریف کا استقبال کرنے پہنچے گا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ اطہر ممتاز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے راستہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں مگر لیگی متوالے ان رکاوٹوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔ امیدوار حلقہ این اے 156 میاں عامر سعید انصاری بھی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ لاہور روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کا قافلہ عبدالرحمن فری کی قیادت میں نیو ملتان سے روانہ ہوا۔ اس طرح مسلم لیگ (ن) کے رہنما چیئرمین یو سی شیخ ندیم اکبر کی قیادت میں رشید آباد سے ریلی لاہور روانہ ہوئی۔ حلقہ این اے 155 سے امیدوار رہنما مسلم لیگ (ن) شیخ طارق رشید کی قیادت میں بھی گلگشت کالونی سے لیگی متوالے لاہور روانہ ہوئے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) اور حلقہ پی پی 214 سے امیدوار ملک آصف رفیق رجوانہ کی قیادت میں بھی کارواں لاہور روانہ ہوا۔ اس موقع پر لیگی متوالوں نے میاں نواز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ حسن آباد کے علاقہ سے بھی مسلم لیگ (ن) کی بڑی ریلی لاہور روانہ ہوئی۔ ریلی کی قیادت ملک انور علی اور چودھری اسلم ہمایوں نے کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسعود قریشی، چودھری عنایت اللہ، محمد حسین، ملک رحیم بخش، چیئرمین سرور انصاری، محمد بخش بھٹی، مرزا نعیم بیگ، ندیم سپل، ملک مشتاق کھوکھر، چودھری نصراللہ اور شاہد انجم بھی ہمراہ تھے۔ اسی طرح ضلعی صدر بلال بٹ کی ریلی میں طارق امیر عباسی، رائو ابرار علی، منیر اختر لنگاہ، مطیع الحسن بخاری، حاجی ارشد بوٹا، ملک تنویر احمد، ڈاکٹر حبیب پاشا، ملک منظور کھوسہ، عمرفاروق بھٹی، حمزہ طاہر، آصف کمبوہ، احسن بٹ، عابد باکسر اور شاہد مختار لودھی شامل تھے۔ اسی طرح حلقہ پی پی 212 سے امیدوار میاں شہزاد مقبول بھٹہ کی قیادت میں بھی ایک بڑی ریلی گزشتہ رات لاہور روانہ ہو گئی۔ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 211 ملک عامر بپی نے کہا ہے کہ مخالفین جو مرضی کر لیں ہماری حکومت عوام کی طاقت سے آ کر رہے گی عوام ہمارے ساتھ ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان سے قافلے کی صورت میں لاہور روانہ ہونے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت پرامن رہے گی ہمارے کارکنان پارٹی صدر شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے محسن سابق وزیراعظم کا بھرپور استقبال کرینگے۔ اس موقع پر ملک اعجاز حسین بپی، ملک ایاز حسین بپی، ملک جاوید بپی، مہر اللہ دتہ بپی، ملک عبدالحق بپی، ملک امین بپی، ملک صدیق، حقنواز، منشی عبدالحئی، حاجی عارف، اللہ کھرل، اللہ دتہ بلوچ، حاجی سکندر حیات بپی، جاوید کھرل، وسیم عارف، اکرم سیہڑ سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔