پانی کی صورتحال تشویشناک، کوشش ہے بھاشا، مہمند ڈیم کی تعمیر ایک سال میں شروع کردیں: چیئرمین واپڈا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)چیئرمین واپڈانے انکشاف کیاہے کہ پاکستان میں پانی ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا جس کی وجہ سے تشویشناک صورتحال ہے۔ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم پانی رہ گیا ہے جس کی وجہ سے بہت تشویشناک صورتحال ہے۔چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ واپڈا نے پاکستان بننے کے بعد 18سال میں دو بڑے ڈیم بنائے، تاہم 1976 کے بعد اس کام میں بہت سستی کا مظاہرہ ہوا۔ ہم تاخیر کے محرکات کا تدارک کریں گے، کوشش ہے کہ بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر ایک سال کے اندر شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں ڈیمز کی تعمیر سے مجموعی طور پر 9اعشاریہ 3ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 5ہزار 3سو میگاواٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی حاصل ہوگی۔ بعدازاں ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے سیکرٹری سید مہر علی شاہ نے اجلاس کو کمیٹی کے فریم ورک اور ڈرافٹ ٹرمز آف ریفرنس کے بارے میں بریف کیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام ذیلی کمیٹیاں 20جولائی کو اپنے اپنے امور سے متعلق بریفنگ دیں گی اور 23جولائی تک اپنی رپورٹس کو حتمی شکل دے کر مرکزی عملدرآمد کمیٹی کو پیش کریں گی۔