ایم ایم اے کا منشور عوام کی خدمت‘ کرپشن کا خاتمہ‘ اسلامی نظام کا قیام ہے: میاں
ملتان (سماجی رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر وامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ملتان میں آج ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جلسہ گاہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور تیاریاں دیکھیں اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ایم ایم اے کے رہنما قاری احمد میاں ، میاں آصف محمود اخوانی، شیخ محمد عمر، علامہ کاشف ظہور نقوی، مولانا عبدالرزاق، رانا محمد سعید، بشارت عباس قریشی، کنور محمد صدیق ، معاویہ انصاری اور دیگر رہنمااُن کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایم ایم اے کا جلسہ تمام خطے کی سیاست کو تبدیل کرنے اور اسلامی انقلاب کا ذریعہ بنے گا۔ ملتان کے عوام جوق درجوق شرکت کرکے اسلام اور پاکستان سے محبت اور70 سال سے ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے کا بائیکاٹ کریں گے۔25؍جولائی ایم ایم اے کی کامیابی کا دن ہوگا انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کا معیار زندگی بلند کریں گے لوگوں کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کریں گے، کرپشن کا خاتمہ، بیرون ملک منتقل کی گئی تمام غیرقانونی دولت واپس لاکر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔ ہمارا منشور عوام کی خدمت اور کرپشن کا خاتمہ ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ قوتیں جو اسلام اور اسلام پسند قوتوں کا راستہ70سال سے روک رہی ہیں ایک بار پھر میدان میں آچکی ہیں وہ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف کی پشت پر کھڑے ہیں اور میڈیا کے ذریعے عوام میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ مقابلہ انہی کے درمیان ہے ٹی وی چینلوں پر وقت خریدنا بھی تو ایک کرپشن اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے الیکشن کمیشن کو اس نوٹس لینا چاہئے ٹی وی چینلوں پر ہرپارٹی کو برابر کا وقت ملنا چاہئے۔