انڈسٹریل سٹیٹ بنک ڈکیتی‘ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی
ملتان (کرائم رپورٹر) پولیس سی آئی اے کی خصوصی ٹیموں نے انڈسٹریل سٹیٹ بنک ڈکیتی کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق بنک ڈکیتی ٹریس کرنے کے لئے 5 مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں گزشتہ روز پولیس ٹیموں نے بنک حکام سے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق بنک کے اندر داخل ہونے والے تین ملزمان میں سے دو نے نقاب پہن رکھے تھے جبکہ ایک ملزم بغیر نقاب کے تھا جس کے فوٹو کی روشنی میں ٹیمیں تفتیش کر رہی ہیں اور جلد پیشرفت کی توقع ہے۔واضح رہے کہ انڈسٹریل سٹیٹ میں بنک ڈکیتی کرنے والے ملزمان کے ساتھ سکیورٹی گارڈز نے سخت مزاحمت کی اور ڈاکوؤں سے لڑتے رہے مگر بنک افسر اور اہلکار تماشہ دیکھتے رہے اور فرنیچر کے نیچے چھپ گئے جس کے باعث ڈاکو واردات کر کے باآسانی فرار ہو گئے پولیس نے بنک عملہ سے بھی واردات کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس حکام نے غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ڈی ایس پی مظفر آباد اور ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد کو چارج شیٹ کر دیا ہے۔