عمران سے ملکر مافیا کیخلاف جدوجہد کی‘ وقت آگیا چور کو پکڑا جائے: جہانگیر ترین
کہروڑپکا ‘ لودھراں (نامہ نگار‘ خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین گزشتہ رو ز رندہ جادہ پہنچے جہاں انہوں نے حال ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سردار عاشق خان بلوچ کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ کارکنوں سے اپنے خطاب میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ شکست ن لیگ کا مقدر بن چکی۔میں ایم این اے بنوں یا نہ بنوں مجھے کوئی غرض نہیں۔ عوام کے مفاد کی جنگ لڑرہاہوں ہم اپنی ذات سے نکل کر عوام کے مفاد کی جنگ لڑیں گے تو کامیاب ہونگے۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ملکر ایک مافیا کے خلاف جدوجہد کی جس میں ہم سرخرو ہوئے اور نوازشریف اپنے انجام کو پہنچا۔ نواز شریف ملک و قوم کا چور ہے وقت آگیا چور کو پکڑا جائے ۔ اب شہبازشریف اور اسکے حواریوں کی بھی باری ہے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے آپ لو گ ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں۔ کمپین کے دوران میں قریہ قریہ گاؤں گاؤں جا رہاہوں مقصد پارٹی اور عمران خان کو کامیاب کرانا ہے 25جولائی کو بلے کے نشان پرمہر لگا کرعمران خان کو پاکستا ن کا نیا وزیر اعظم بنانا ہے۔امیدوار حلقہ پی پی 225طاہر حسین ملیزئی اور سردار عاشق خان بلوچ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی نمائندہ جماعت ہے اورحقیقی معنی میں عوام کی خیر خواہی اورخوشحالی اورترقی کے لئے کوشاں ہے۔ کہروڑپکا پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے جہانگیر خان ترین کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیںعلاوہ ازیں جہانگیر ترین ممتاز خان بلوچ کے گھر بھی پہنچے جنہوں نے حال ہی میں الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرکے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔