پوری دنیا سے بے نامی رقوم کو واپس لانا ہو گا: میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی جانب سے لوٹے گئے اربوں روپے سوئٹزرلینڈ، دبئی سے واپس لانے کے ریمارکس حوصلہ افزا ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 4221لوگوں کے اثاثے اور اکائونٹس بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ملک سے پیسہ لوٹ کر یورپ، امریکہ، کینیڈا بھی منتقل کیاگیا۔ سوئٹزرلینڈ کے بینکوں میں پاکستانیوں کے200ارب ڈالر سے زائد پڑے ہیں۔ پوری دنیا سے بے نامی رقوم کوواپس لانا ہوگا۔ مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی لوٹ مارنے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ملک سے کرپشن کامکمل قلع قمع اور کرپٹ افراد کاخاتمہ نہیں ہوجاتاملک وقوم ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ پاکستان خداتعالیٰ کے فضل وکرم سے وسائل کی دولت سے مالامال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے بھرپور اندازمیں فائدہ اٹھایا جائے۔ عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت قوم پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔ اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ چوبیس ہزار روپے کامقروض ہے۔ عوام کو دووقت کی باعزت روٹی کمانابھی دشوار ہوگیا ہے۔