توانائی کے شعبے میں روس سے تعاون‘ جرمن چانسلر نے ٹرمپ کی تنقید کو مسترد کردی
برسلز (اے پی پی) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر انجیلامرکل نے کہا کہ انہوں نے خود وہ حالات دیکھے ہیں، جب جرمنی کے ایک حصے پر سابقہ سوویت یونین کا قبضہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن اتحاد کے بعد ہی وفاقی جمہوریہ آزادی سے اپنے فیصلے کرنے کے قابل ہوئی تھی۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جرمنی نے توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خود کو روس کا ایک ’یرغمالی‘ بنا رکھا ہے۔