قوانین میں موجود سقم دور کرنا وقت کا تقاضا ہے: جسٹس انوارالحق
لاہور (وقائع نگار خصوصی) قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق نے کہا ہے کہ معاشرے میں بات چیت کا سلسلہ ختم ہونا اچھی بات نہیں۔ معاشرتی اور قوانین کی ترقی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ قوانین میں موجود سقم دور کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی کی جانب سے قوانین میں موجود سقم دور کرنے کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی مصالحتی کمیٹی کے ممبرمیاں ظفر اقبال کلانوری نے کہا مصالحتی طریقے سے زیر لتواء مقدمات نہ نمٹائے گئے تو موجودہ مقدمات کو نمٹانے کے لئے تین سو بیس برس چاہئیں۔ تقریب سے سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستان بہت سارے عالمی قوانین کا پابند ہے۔