سارک چیمبر پاکستان چیپٹر کا وفد سیمینار میں شرکت کیلئے ڈھاک چلا گیا
لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان چیپٹر کا اعلیٰ سطح کا وفد سارک موسمیاتی تبدیلی سیمینار میں شرکت کیلئے ڈھاکہ روانہ ہو گیا۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں 15 جولائی کو منعقد ہونیوالے ایک روزہ سیمینار کا موضوع ’’جنوبی ایشیا: موسمیاتی سمارٹ سرمایہ کاری کے مواقع کو حقیقت کا رنگ دینا‘‘ہے۔ جمعرات کو روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے سرکاری اداروں کے کردار کے فروغ کیلئے پاکستان سارک ممبر ممالک کے ساتھ کام کررہا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2015 میں موسمیاتی تبدیلی پر پیرس معاہدے کی توثیق کر چکے ہیں اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو 20 فیصد تک کم کرنے کے لئے اس کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کے لئے بڑا چیلنج بن چکا ہے اور عالمی برادری اسحوالے سے متحد ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں موسمیاتی تبدیلی ایکٹ 2016 منظور کیا ہے اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے ماحولیاتی تبدیلی کے تحت اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔