سر سید ایجو کیشن فاؤ نڈیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں ، ڈاکٹر طارق محمود قاضی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) چیف ایگزیکٹو آ فیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کہا ہے کہ سر سید ایجو کیشن فاؤ نڈیشن کی خدمات قابل قدر اورلائق تحسین ہیں ،دوردرازکے دیہات اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کاقیام سر سید ایجو کیشن فاونڈیشن کا عظیم کارنامہ ہے ،ان خیالات کااظہارانھوں نے حیات بخش ہال انجمن فیض السلام کمپلیکس راولپنڈی میں سر سید ایجوکیشن فاونڈیشن کے زیر اہتمام قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے سابق سی ای او قاضی ظہور الحق کی تعلیمی شعبہ کے لئے گرانقد ر خدمات کو سراہا اس موقع پر سر سید ایجوکیشن فاونڈیشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر و سابق سی ای او برائے ضلعی ایجو کیشن اتھارٹی راولپنڈی قاضی ظہور الحق نے فاونڈیشن کے اغراض و مقاصد ،آئندہ کے منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کہا ہے کہ ہم علم کی شمع کسی صورت نہیں بجھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرسید ایجوکیشن فاؤنڈیشن سستی اور معیاری تعلیم دینے کے لئے کوشاںہے۔تعلیم ہی کی بدولت جہالت کے اندھیرے دور کئے جاسکتے ہیں ،انھوں نے واضح کیا کہ آپسیما کے ڈویڑنل صدر ابراراحمد خان کی تعلیمی خدمات اور کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تصور کو عملی شکل دینے میں ایپسما نے اہم کردار ادا کیا ہے ،فاونڈیشن کے صدر طاہر درانی نے کہاہے فاونڈیشن کو ئی کمرشل ادارہ نہیں ہے بلکہ اس کے قیام کا مقصد صرف اور صرف تعلیم کو فروغ دینا ہے ،تقریب سے فاونڈیشن کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کیپٹن (ر) عمر فاروق نے فاونڈیشن کے فرنچائز سسٹم ،منصوبے کی تکمیل اور دیگر طریقہ کار پر روشنی ڈالی ،اس موقع پر ماہر تعلیم ،صحافی عطاء الرحمن چوہدری ،پروفیسر محمود اعجاز بٹ ایپسما راولپنڈی ڈویڑن کے جنرل سیکرٹری عامر انور اور ضلعی صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔