پورٹ قاسم پر ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے :عبداللہ حسین ہارو ن
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سمندری امور عبداللہ حسین ہارون نے گزشتہ روز پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی اسد رفیع چاندنا اور ان کی ٹیم نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر پی کیو اے کے چیئرمین نے وفاقی وزیر کو تمام تر جاری امور اور مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملک کی مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے پر زور دیا۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین پی کیو اے نے اس موقع پر ادارے کے ایک انرجی حب کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ لیکیویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کے مزید ٹرمینلز کے قیام کے ذریعے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ ملک کے کول فائر پاور پلانٹس کو کوئلے کی ترسیل کا بھی مرکز بنے گا۔ وفاقی وزیر نے ان تمام کوششوں کی تعریف کی اور ایل این جی ٹرمینلز کے لیے فعال اور مخصوص متبادل چینلز تیار کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پی کیو اے کے تحت ’’گرین پورٹ انیشیئیٹیو‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر کو ٹرمینلز کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں پورٹ کے کاموں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس دورے کا اختتام پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل (پی آئی بی ٹی) پر ہوا جہاں وفاقی وزیر نے کول ہینڈلنگ کے حوالے سے دستیاب فن مہارت کی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔