نواز شریف کی پاکستان آمد، کارکنوں کی سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہئے
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب بار کونسل کے رکن ،چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی اور سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سجاد اکبرعباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی پاکستان آمد کے موقع پر پنجاب بھر میں کارکنوں کی سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے جبکہ الیکشن کے دن نزدیک آتے ہی پولیس ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے دفاتر پر بلا جواز چھاپے مار رہی ہے اور کارکنوں کو نہ صرف ہراساں کیا جا رہا ہے بلکہ گرفتاریوں کا عمل بھی جاری ہے جو آئین اور قانون کے دئیے گئے حقوق کی خلاف ورز ی ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں حکومت کی طرف سے ایسے ہتکھنڈے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر بھی سوالیہ نشان چھوڑ جائیگی جس سے الیکشن کا ماحول خراب ہونے کا بھی خدشہ لاحق ہوگیا ہے ۔ لاہور میں سیاسی کارکنوں کی آمد کو روکنے کیلئے قیمتی سامانوں سے بھرے کنٹینرز کو بھی روکا جا رہا ہے جس سے تاجر برادری بھی پریشان ہے اور انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکی ہے لیکن انتظامیہ کے سر پر جوں تک نہیں رینگی جا رہی اس عمل سے ملک بھر میں تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونگی اور اگر ملک کا امن و امان کا ماحول خراب ہوا تو اس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمیشن اس واقعہ کا فوری نوٹس لیں اور اس کا سدباب کریں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزاپنے دفتر میں وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی پنجاب بار کونسل و سابقہ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سجاد اکبرعباسی کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے اور کسی بھی کیس میں سزا ہونے کے بعد قانون حق دیتا ہے کہ کوئی بھی شخص اپنی سزا کیخلاف اپیل دائر کرسکتا ہے تاہم سیاسی پارٹی کے کارکنوں کو بلا جواز گرفتار کرنا اُن پر جھوٹے مقدمات درج کرنا اور عین الیکشن کے وقت ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کے دفاتر پر چھاپے مارنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے جو فوری بند ہونے چاہئیں۔