منتخب ہوکر اسلام آباد میں ترقیاتی کام کرائیں گے، ہارون ارشد شیخ
اسلام آباد(نا مہ نگار)حلقہ این اے53سے آزاد امیدوار ہارون ارشد شیخ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے عوام کو آج تک پسماندگی کے سوا کچھ نہیں ملا ہے،منتخب ہو کر اسلام آباد میں ترقیاتی کام کرائیں گے اور اسلام آبادکوبین الاقوامی سطح کا شہر بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پھلگراں میں اپنی انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کارنر میٹنگ سے محمد منیب ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ہارون ارشد شیخ نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری وفاقی دارالحکومت کے شہری ہونے کے باوجود محرومیوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں، عوامی نمائندوں نے جھوٹے وعدوں کے زریعے ہمیشہ حلقے کے عوام کو دھوکا ہی دیا ہے۔ جھوٹے وعدوں پر عوام کو مزید نہیں ٹرخایا جا سکتا، عوام باشعور ہیں اور وہ لالی پاپ سے گذارا نہیں کریں گے بلکہ کام اور خدمت کو ووٹ دیں گے، انہوں نے کہا کہ اب عوام فیصلہ کر چکے ہیں اور 25جو لائی کو تمام روایتی سیاستدانوں کو مسترد کرتے ہوئے بندوق کے نشان کو ووٹ دیں گے۔