مظفر آباد: مسافر وین پر مٹی کا تودہ گر گیا‘ 5 افراد جاں بحق‘ 3 زخمی
فیصل آباد+پیر محل+ شور کوٹ چھاؤنی+ مظفرآباد (نامہ نگاران+آئی این پی) آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں جندروٹ روڈ پر پتنیاڑا کے مقام پر مسافر وین پر مٹی کا تودہ گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافر وین میں متعدد افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ٹریفک حادثات میں کم سن بچی سمیت 4 افراد جاںبحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ستیانہ اڈا 77گ۔ب میں نورشاہ کا رہائشی 23سالہ مجاہد، اہلیہ سونیا اور تین سالہ بیٹی اریبہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ ڈمپر کی ٹکر سے باپ بیٹی جاں بحق ہو گئے۔ پیر محل+ شور کوٹ چھاؤنی سے نامہ نگاران کے مطابق شورکوٹ روڈ پر واقع 312گ ب ریلوے پھاٹک کے قریب 2تیز رفتار ٹرک آپس میں جاٹکرائے جس کے نتیجہ میں مذکورہ ٹرکوں کے ڈرائیور نور احمد سکنہ وزیرستان اور آفتاب شیر سکنہ پنسرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دونوں ڈرائیوروں کو ٹرکوں کی باڈی کاٹ کر باہر نکالنا پڑا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانہ پولیس اور ریسکیو ٹیم نے جاں بحق ہونے والے ڈرائیورئوں کی نعشوں کو تحویل میں لیکر آبائی علاقوں کو روانہ کردیا۔