عمادوسیم کا انٹرنیشنل کیریئر خطرے میں، ٹیم میں واپسی کیلئے سخت محنت درکار
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم آل رائونڈر عمادوسیم کا انٹرنیشنل کیریئر خطرات سے دوچار ہوتا دکھائی دے رہاہے یاکم از کم اسے ٹیم میں واپس آنے کیلئے سخت جدوجہد اور طویل انتظار کرنا پڑسکتاہے۔ ٹیم کا بہترین وننگ کمبی نیشن بن جانے کے بعد سلیکٹرزنے اسے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے منتخب نہیں کیا جو فٹ ہوجانے کے بعد سلیکشن کیلئے دستیاب تھے۔زمبابوے کے دورے کے لئے عمادوسیم کو ٹیم میں شمولیت کی امید تھی لیکن آل رائونڈر کو اس وقت دھچکا لگا جب ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیم میں لینے سے انکار کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز پاکستان ٹیم کے اعلان کے بعد عماد وسیم نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور قومی اکیڈمی میں وہ کافی غصے میں دکھائی دیئے۔ عمادوسیم پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے لئے بطور کپتان کھیلتے ہوئے دبئی میں ایک کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔