اختیارات کا ناجائز استعمال‘ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو نوٹس‘ 17 جولائی کو طلب
ا سلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب بابر بخت قریشی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17جولائی کو طلب کر لیا۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب بابر بخت قریشی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق درخواست کی سماعت ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی،درخواست گزار اویس خالد کی وکیل نے موقف اپنایا کہ ڈی آئی جی بابر بخت کے والد اور بھائی قصور سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،بابربخت حلقہ میں اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں،مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے، ڈی آئی جی کے بھائی دائود قریشی قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار ہیں،ڈی آئی جی کے والد انیس قریشی صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں،انیس قریشی اور دائود قریشی آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،الیکشن کمیشن نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب بابر بخت قریشی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ،درخواست پر سماعت 17 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔