سردار گروپ کی طرف سے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 2 کروڑ کے عطیہ کا اعلا ن
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پنجاب کے نگران وزیرخوراک وزراعت ومنصوبہ بندی سردار تنویر الیاس خان نے ’’سردار گروپ آف کمپنیز‘‘ کی طرف سے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 2 کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں 3ہزار چھوٹے ڈیموں کی ضرورت ہے۔ نگران حکومت اس سلسلے میں روڈ میپ تیار کرکے آئندہ حکومت کے لیے دے گی اور ان کی فزیبلٹی سپریم کورٹ میں بھی پیش کر دیں گے۔ سردار تنویر الیاس نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ’’سنٹورس‘‘ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے بھائی سردار یاسر الیاس بھی موجود تھے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں گندم کپاس اور گریب فروٹ کی ترقی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ذاتی طور پر ملتان یونیورسٹی کے زیر اہتمام زرعی فیکلٹی کی ترقی کے لیے اپنی جیب سے 2 کروڑ روپے کا الگ سے عطیہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے لیے فنڈ قائم کیا ہے۔ وہ ’’سردار گروپ آف کمپینز‘‘ کی جانب سے 2 کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کرتے ہیں۔ جبکہ گروپ آف کمپینز کے ملازمین سے بھی کہیں گے کہ وہ اس فنڈ میں عطیہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال سراج کے کارخانے پر محکمہ زراعت کے لوگوں نے چھاپہ مارا تھا۔ ان پر جعلی کھاد بنانے اور فروخت کرنے کا الزام ہے۔ اقبال سراج کو محکمہ زراعت جانتا ہے کہ وہ اسے جانتے ہیں۔ اقبال سراج نے لندن میں اپنے لیڈر کو فون کرکے اطلاع دی جنہوں نے پریس کانفرنس کر ڈالی۔