این اے 57 سے شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظور ی چیلنج
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان میںسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظوری کو چیلنج کردیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 راولپنڈی ون سے امیدوار ہیں جن کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو درخواست گزار مسعود احمد عباسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار نے مو قف اختیار کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے بیان حلفی اور کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اس لیے انہیں الیکشن لڑنے کا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ شاہد خاقان عباسی کے نامزدگی فارم مسترد کیے جائیں۔ دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے مسعود احمد عباسی کی درخواست پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ن لیگ کے میر بادشاہ قیصرانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی،جبکہ پی پی 106 سے آزاد امیدوار سیف اللہ کی نااہلی کا ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار کھا،چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ میر بادشاہ قیصرانی کو جعلی ڈگری پر سزا سنائی گئی، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ سزا کیخلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی گئی تھی، ہائی کورٹ نے اپیل میں سزا معطل کر دی ہے، سزا معطل ہو جائے تو امیدوار الیکشن لڑ سکتا ہے، اپیل خارج ہونے پر الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکتا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قائم اقلیتوں کی کچی بستیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سنیئر قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن سے کہا ہے کہ وہ دو صفحات پر مشتمل ایک درخواست دائر کریں ،تاکہ معاملے کی باقاعدہ سماعت کی جائے ،جمعرات کوایک مقدمہ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے عدالت میں موجود وکیل اعتزاز احسن سے کہاکہ آپ مجھے چیمبر میں ملیں،جس پر اعتزاز احسن نے کہاکہ آج ممکن نہیں کل ملاقات ہو گی ، اس پرچیف جسٹس نے ان سے کہاکہ میں آپکو یہاں ہی بتا دیتا ہوں کہ کس ایشو پر بات کرنی ہے، اسلام آباد میں اقلیتیں کچی بستیوں میں بدترین حالات میں رہ رہی ہیں، عرصہ دراز سے اسلام آباد میں کچی بستیاں آباد ہیں، جس شہر میں لوگ بڑے بڑے بنگلوں میں رہتے ہیں وہیں اقلیتیں کچی بستیوں میں رہنے پر مجبور ہیں، آپ سپریم کورٹ میں انسانی حقوق کے آرٹیکل 184/3کے تحت دو صفحات کی ایک درخواست دائر کر دیں۔