بھارت پاکستان سے تعلقات کے لئے کسی سے خوفزدہ نہ ہو، عبداللہ حسین ہارون
کراچی(اسٹاف رپورٹر) خارجہ و دفاعی امور کے نگراں وفاقی وزیر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ پاک بھارت بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے جو دونوں ممالک کی قوموں کے مفاد میں ہے جمعرات کو انگلش اسپیکینگ یونین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے.خطے میں دیرپا امن کے لئے پاکستان کسی بھی ملک سے بات کرنے کے لئے تیار ہے .بھارت کو پاکستان اور روس سے اچھے تعلقات استوار کرنے کے لئے کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے. انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان خاصی اہمیت رکھتا ہے. امریکہ ایران کشیدہ تعلقات کے حوالے سے ان کہنا تھا کہ دیرپا عالمی امن کے قیام کے لئے امریکہ کو ایران سے بات چیت کرنا چاہئے .ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بہت اونچی اڑان اڑ رہے ہیں ہمیں چیزوں کو بہت احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے. سی پیک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو اس سے فائدہ پہنچے گا اور پوری دنیا کے ممالک ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے .انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے شاندار نتائج دیئے ہیں .ان کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپی ممالک پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں ۔
عبداللہ حسین ہارون