آرمی چیف کا دہشت گردوں کو شکست دینے کا عزم
پاکستان مخالف قوتوں کے گٹھ جوڑ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔رکنے والے نہیں۔ آرمی چیف۔ دہشت گردوں کو شکست دینگے۔ افواج اور قوم مستحکم پاکستان کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ جنرل قمر جاویدباجوہ کا بلور خاندان ودیگر سے اظہار تعزیت
پشاور میں اے ایف پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکے سے شہید ہونے والوں کو سپرد خاک کیا جا چکا ہے۔ اس وقت پاکستان میں الیکشن چند روز کی دوری پر ہیں جن ملک دشمن قوتوں کی نظروں میں پاکستان کا استحکام اور اسکا جمہوری عمل کھٹکتا ہے جنہیں پاکستان میں امن و امان اور جمہوریت پسند نہیں۔ وہ پوری طرح کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں بد امنی پیدا ہوتا کہ اس کی آڑ میں یہ ملک دشمن عناصر ملک میں افرا تفری اور خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کر کے ملک میں جاری ترقی اور خوشحال کے سفر کو روک سکیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے پشاور میں خودکش دھماکہ پر افسوس کا اظہار اور شہید ہونے والوں سے تعزیت کرتے درست کہا ہے کہ مسلح افواج اور قوم ملک کے استحکام کیلئے متحد ہیں ۔اس وقت ملک کو اسی طرح کے اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمنوں کے عزائم کوناکام بنایا جا سکے۔ انتخابات کے اس نازک موقع پر جو عناصر ملک میں گڑ بڑ اور خودکش دھماکوں سے افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ملک میں جمہوریت ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف قوم اور عساکر پاکستان کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا اور ان عناصر کو شکست دینا ہوگی تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو اور یہاں جمہوریت پھلے پھولے۔ ملک میں چھپے بچے کچھ دہشت گرد جو اس قسم کی قبیح کارروائیوں میں مصروف ہیں‘ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سکیورٹی ادارے عوام کے تعاون سے انہیں ڈھونڈ نکالیں اور کیفر کردار کو پہنچائیں۔