سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، نیب نے عمران کو طلب کرلیا
پشاور(بیورورپورٹ)قومی احتساب بیورو (نیب) نے نجی دوروں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کے مبینہ استعمال سے متعلق جاری تحقیقات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔نیب حکام نے نیب خیبر پختونخوا کی جانب سے عمران خان کو 18 جولائی کو پیش ہونے کا نوٹس بھیجے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے رواں سال فروری میں عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز ایم آئی (17) اور ایکیوریل کو 74 گھنٹوں تک غیر سرکاری دوروں کے لیے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیب خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔نیب کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی، جس کا انہوں نے اوسطاً فی گھنٹہ 28 ہزار روپے ادا کیا۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر عمران خان نجی کمپنیوں کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے تو انہیں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔
عمران خان طلب