نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی نیب ٹیم تشکیل
اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ معزز احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس میں دئیے گئے فیصلہ اور معزز احتساب عدالت کی طرف سے نواز شریف اور مریم نواز کیلئے جاری وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ جمعرات کو یہاں جاری بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اس سلسلہ میں قانون کی خلاف ورزی اور کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ دوسری جانب نیب نے ان کی گرفتاری کیلئے تمام انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔ نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ائرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔خیال رہے احتساب عدالت نے 6جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ)صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نب نے حکمت عملی تیار کر لی۔ نیب حکام کے مطابق 2ہیلی کاپٹر لاہور ائرپورٹ پر پہنچا دئیے گئے۔ نیب کی 2 ٹیمیں لاہور اور 2 اسلام آباد ائرپورٹ پر تعینات ہونگی۔ نیب حکام کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو راولپنڈی لایا جائیگا۔ چیئرمین نب نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
چیئرمین نیب