ملکی سالمیت کیخلاف سازشوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے‘مفتی غوث بغدادی
کراچی(نیوزرپورٹر) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات سید علی ظفر آئندہ48گھنٹے میں ختم نبوت کے حالیہ عدالتی فیصلے کے بارے میں اپنا موقف فوری طور پر واضح کریں،گذشتہ روز10جولائی کو انہوں نے اسلام آباد میں یورپی یونین کے تعاون سے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق سیمینار میں اپنے جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ امت مسلمہ کے1400سو سالہ اجتماعی عقیدہ ختم نبوت سے متصادم اور کھلی قادیانیت نوازی ہے اور یوں انہوں نے دستور پاکستان پر بھی حملہ آور ہونے کی کوششیں کی ہے،وہ تحریک لبیک ضلعی شرقی کے قومی اور صوبائی حلقوں کے نامزد امیدوارں اور ضلعی انتخابی کمیٹی کے عہدے داروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے،مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے دو روز میں اسلامیان پاکستان کے سامنے ختم نبوت کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہیں دیا تو انہیں ان کے حالیہ منصب سے ہٹانے کیلئے ہم اپنا دینی وآئینی کردار ادا کرنے کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کرسکتے ہیں۔