ایس اواے کا صوبائی ایسوسی ایشنوں کو انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی(سپورٹس رپورٹر) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام ملحقہ فیڈریشنز کی صوبائی ایسوسی ایشنوں کو انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیکرٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے الحاق شدہ فیڈریشنوں کے سندھ میں صوبائی ایسوسی ایشن یونٹس اپنے انتخابات مکمل کرلیں اور ان میں اولمپک ایسوسی ایشن کے متعین شدہ نمائیندہ کی موجودگی میں الیکشن کرائے جائیں۔انتخابات کے دوران آئین اور اولمپک ایسوسی ایشن کے قواعد و ضوابط کی پابندی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ جن ایسوسی ایشنوں کا الحاق ختم ہوچکا وہ تجدید کرائیں جبکہ جن ایسوسی ایشنوں کے انتخابات اولمپک ایسوسی ایشن کے متعین نمائیندہ کے بغیر کرائے جائیں گے ان کے نتائج اولمپک ایسوسی ایشن تسلیم نہیں کرے گی۔